راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) مری میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صحت و صفائی، ٹریفک کی آمدو رفت رواں دواں رکھنے، امن و امان سیکورٹی اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا،جس پر انتظامیہ کے افسران ،سٹاف ممبران، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی معاونت سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ عید کے موقع پر مری میں سیاحوں کی متوقع غیر معمولی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ کے افسران کی سربراہی میں ٹیمیں عید تعطیلات کے تین روز تک مختلف مقامات پر متعین کر دی گئی ہیں ۔ قائم مقام کمشنر راولپنڈی ڈویژن طلعت محمود گوندل کی سربراہی میں مری میں اجلاس کے دوران سیاحوں کی سہولت اورمقامی افراد کی مشکلات دور کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ طلعت محمود گوندل نے کہاکہ راولپنڈی ضلع او ر ڈویژن کے مقامات پر انتظامیہ او ر پولیس افسران و اہلکار چوکس رہیں گے۔ دریں اثناء اے سی مری عارف اللہ اعوان نے کہا کہ شہری قربانی کے جانورو ں کی آلائشیں مقررہ مقامات پر جمع کریں اور نالیوں اور سڑکوں پر نہ پھینکیں۔