پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملک میں باکسنگ کے فروغ اور باکسرز کی ترقی کیلئے اس سال باکسنگ لیگ کرانے کا اعلان کردیا ہے جس میں فرنچائز بیسڈ ٹیمیں شامل ہوں گی۔
اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عامر خان نے کہا کہ انہیں انڈین باکسنگ لیگ دیکھ کر پاکستان میں بھی ایسا ہی ایونٹ کروانے کا خیال آیا،اگر بھارت میں باکسنگ ہوسکتی ہے تو پاکستان میں وہاں سے زیادہ ٹیلنٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام پاکستان کو عید مبارک ہو، یہ پہلا موقع ہے کہ میں عید کے موقع پر پاکستان میں ہوں، یہاں پر عید گزارنا اچھا لگا، یہاں میں باکسنگ کا فروغ چاہتا ہوں،پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، سپر باکسنگ لیگ کامیاب ہوگی۔
عامر خان نے بتایا کہ سپر باکسنگ لیگ میں خواتین بھی حصہ لے سکیں گی، پہلی بار پاکستان میں خواتین کے باکسنگ مقابلے ہوں گے ، یہ امیچر نہیں پروفیشنل لیگ ہوگی، ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت مقابلے ہوں گے، سپر باکسنگ لیگ کو کامیابی سے ہمکنار کرنا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اسلام، ملتان فیصل آباد سمیت 8 شہروں سے ٹیم بنائی جائیں گی،دسمبر میں یہ لیگ شروع کی جائے گی، اس سلسلے میں بڑا زبردست فیڈ بیک ہے، انگلینڈ میں عامر خان اکیڈمی بڑی شاندار پرفارمنس دے رہی ہے۔
باکسر عامر خان کا پریس کانفرنس میں یہ بھی کہنا تھا کہ میں اپنی ازدواجی زندگی پر نہیں،صرف باکسنگ پر بات کروں گا۔