پی ٹی آئی کےرہنما شاہ محمود قریشی نےالیکشن کمیشن سے حلقہ این اے 120 لاہورمیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکارروائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیربلال یاسین اورن لیگ کے دیگرایم پی ایزضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے این اے120کی انتخابی مہم کی اجازت نہیں دی جس کا ہم نے احترام کیا ، حکمران جماعت ن لیگ ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حلقےکے رہائشی پختونوں کی شناختی کارڈ بلاک کئے گئے ہیں، نادرا شفاف انتخابات کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صوبائی وزیر بلال یاسین کو تین بار بلایا گیا مگر وہ پیش نہ ہوئے،واضح پیغام دیا جائے کہ ضابطہ اخلاق کا احترام سب پر واجب ہے، بلال یاسین نے بیان حلفی دیا کہ وہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے، بیان حلفی کے بعد انہوں نے پھر انتخابی مہم میں حصہ لیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ این اے 120 میں پختونوں کا ووٹ پی ٹی آئی کے ساتھ ہے جبکہ ان کے شناختی کارڈ بلاک کر کے ووٹرز فہرست سے باہر کر دیا گیا ۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ این اے 120 میں کئی پختونوں کے شناختی کارڈز بلاک ہیں، نادرا بتائے کہ این اے 120 کے پختونوں کی شناختی کارڈ کیوں بلاک کئے گئے، شفاف انتخابات کے راستے میں نادرا رکاوٹ نہ بنے, نادرا اپنے ادارے کی ساکھ کو مجروح نہ کرے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان 8 ستمبر کو لاہور میں جلسہ حلقہ این اے 120 کی حدودسے باہر کریں گے۔