• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ اور بھارت سمیت کوئی سپر پاور پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی، شیخ رشید

لندن (ودود مشتاق) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو دھمکیاں دینے والے سن لیں کہ پاکستانی قوم ایک عظیم قوم ہے، جس کے پاس75فیصد میزائل ٹیکنالوجی ہے، امریکہ اور بھارت سمیت کوئی سپر پاور آنکھ اٹھاکے نہیں دیکھ سکتی، البتہ چھوٹے موٹے جوڈو کراٹے چلتے رہتے ہیں۔ وہ ریڈنگ میں اپنے اعزاز میں دیے گئے عشایے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کی پارٹی کے عہدیداروں کے علاوہ سماجی، سیاسی اور کمیونٹی رہنمائوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اسی وجہ سے دشمن اس پر دبائو ڈلوانے کی کوششیں کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں کشمیری جہادی تنظیمیں سیاسی جماعتوں میں تبدیل ہونے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مختلف سوالوں کے جواب میں کہا کہ مریم نواز، نوازشریف کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، اگر عوام اٹھ کھڑے ہوں تو کوئی وجہ نہیں کہ این اے120میں ان کو شکست نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کو گھر بھیجنے والا میں اکیلا ہوں اور اب حدیبیہ کیس میں شہبازشریف اور ایل این جی کیس میں خاقان عباسی میرے نشانے پر ہیں۔ مجھے آج بھی فخر ہے کہ میں اسمبلی میں موجود ہوں اور مجھے نکالنے والے خود موجود نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ پانامہ کیس ان کی زندگی کا بطور وکیل پہلا کامیاب اور تاریخی مقدمہ ہے اور آئندہ بھی کرپشن کے خاتمے کے لیے ایسی جنگ جاری رکھیں گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ میرے اپنے سوا پورے ملک میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی، تاکہ ایک یا دو ہزار پڑنے والے ووٹ ضائع نہ ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہر اقتدار کے ساتھ ہوتے ہیں اور اگلا اقتدار عمران خان کا ہے، اس لیے ان کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ برمی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف لال حویلی سے تاریخی ریلی نکالنے جارہی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ان کا بنیادی حق ہے۔

تازہ ترین