کراچی (جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اہم انٹرویو ہفتے کو ”جیونیوز“ کے پروگرام ”جرگہ“ میں نشر کیا جائے گا۔ چوہدری نثار علی خان اور نواز شریف میں اصل اختلاف کیا ہے، کیا نواز شریف کی رخصتی میں سیکورٹی اداروں کا کوئی کردار تھا، چوہدری نثار علی خان کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش کس نے کی تھی، ایان علی اور ڈاکٹر عاصم حسین کے معاملے میں اصل کردار کس کا تھا، کیا طالبان سے مذاکرات پرفوج کو اعتراض تھا، ڈان لیکس کا اصل کردار کون تھا؟۔
اِن تمام موضوعات پر چوہدری نثار پہلی بار کھل کر گفتگو کریں گے۔ واضح رہے اِسی انٹرویو میں چوہدری نثار کہہ چکے ہیں کہ مریم نواز کا بے نظیر بھٹو سے موازنہ درست نہیں، دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ سیاست میں عملی تجربہ ضروری ہوتا ہے، نوازشریف کی بیٹی کو اپنی بیٹی تصور کرتا ہوں، بچوں کو لیڈر نہیں مانا جاسکتا۔ بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں ، مریم نواز کا کردار صرف میاں نوازشریف کی بیٹی ہونا ہے۔
بے نظیر بھٹو نے جیلیں کاٹیں اور صعوبتیں برداشت کیں لہٰذا مریم نواز کو پہلے عملی سیاست میں حصہ لیکر خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ تلخ و شیریں سوال و جواب پر مشتمل چوہدری نثار کا خصوصی انٹرویو دو حصوں پر مشتمل ہے جس کا پہلا حصہ ہفتے کو اور دوسرا حصہ اتوار کو شب10بجکر5منٹ پر نشر ہوگا۔ ٭”خبرناک“ میں ”دشت مہنگائی “ مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے صدر (ڈمی) ممنون حسین جلوہ افروز ہوں گے۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ شاعری وقت گزارنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
”جمہوریت کی غزل، سیاست کی ٹھمری اور دھرنے کا فوک“ بھی شو کی رونق بڑھائے گا۔ پروگرام کے دوران کرکٹر محمد عباس کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں جو مزہ ہے وہ میسجز کرنے میں کہاں؟۔ انتخاب عالم اور میانداد میں سینئر جونیئر کا رولابھی لطف بڑھائے گا۔ اس کے علاوہ ”مکی آرتھر اور عمر اکمل “ بھی گتھم گتھا ہوں گے۔ طنز و مزاح سے بھر پور ”خبرناک“ علی میر اور عائشہ جہانزیب کے ساتھ رات11 بجکر5منٹ پر نشر ہوگا۔