اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پرنٹ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ڈرافٹ آرڈیننس 2017 کی تیاری کے حوالے سے وزیر مملکت کی جانب سے آرڈیننس کی تیاری کا حکمنامہ سامنے آنے پر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمنامے سے اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کے جھوٹ کا پردہ چاک ،بے نقاب ہوگیا ہے۔ اہل صحافت کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد وزیر مملکت نے آرڈیننس کی تیاری سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا لیکن مریم اورنگزیب نے خود پریس کونسل آف پاکستان کو مسودہ قانون کی تیاری کے احکامات دئیے تھے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے 26 جولائی 2017 کو خط بھیجا گیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کی پوری حکومت جھوٹ کی بنیاد پر کھڑی ہے۔ عدالت سے پارلیمان اور میڈیا سے عوام تک ہر جگہ جھوٹ سے کام چلانے کی کوشش کی گئی۔ جھوٹ پکڑے جانے پر مریم اورنگزیب نے معافی مانگنی ہے یا مستعفی ہونا ہے انہی پر چھوڑتے ہیں۔