اسلام آباد (افضل بٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے وفاقی حکومت اور وزارت اطلاعات کو اندھیرے میں رکھ کر پاکستان پرنٹ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2017 جیسا کالا قانون بہت بڑی سازش تھی جس کا مقصد مسلمُ لیگ ن کی حکومت کا پی ایف یو جے اور ایپنک سے تصادم کرانا تھا۔ انہوں نے کہا اس سازش کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے مجھے وزارت سے مستعفی بھی ہونا پڑا تو قربانی دینے سے دریغ نہیں کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ دیئے گئے ٹائم فریم کے مطابق کل تک انکوائری رپورٹ مکمل ہو جائے گی جسے خفیہ رکھنے کی بجائے فوری طور پر پبلک کردیا جائے گا اورملزموں کو سزا دلوانے کیلئے یہ معاملہ میں عدالت میں ہر صورت لیکر جاؤں گی خواہ مجھے وزارت چھوڑنی پڑے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹ کی عزت جب تک نہیں ہوگی پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔
جمہوریت جو شہریوں کے حقوق کی بات کرتی ہے آپ کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے جب اس پر حملہ ہوا صحافیوں نے اس کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔جنہوں نے حکومت اور میڈیا میں دوریاں پیدا کرنے کیلئے جعلی نوٹی فکیشن جاری کیا انہیں عدالت سے سزا دلوانے کیلئے آخری حد تک جاؤں گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ڈینگی آتا ہے تو پنجاب سے ٹیمیں جاتی ہیں۔میاں نواز شریف نے عہد کیا تھا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑیں گے جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔
بین الاقوامی کرکٹ کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں۔راولپنڈی کی ترقی کا مقابلہ پشاور ʼ کراچی سے کیا جائے ۔ راولپنڈی کی میٹرو لاہور سے بہتر ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کے حقوق کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔صحافیوں کا تحفظ اور سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کام کررہے ہیں،ہر شہری معلومات کے رسائی بل سے حکومتی اداروں ںسے متعلق معلومات حاصل کر سکے گا،صحافیوں کے تحفظ کا بل بھی جلد پارلیمنٹ سے منظورکرالیا جائے گا،صحافی حقیقت پر مبنی رپورٹنگ کو یقینی بنائیں،عوام کے ووٹ کی عزت جب تک نہیں ہوگی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وہ راولپنڈی پریس کلب میں ایپنک اور میڈیا وورکرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہونے والے میڈیا ورکر کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں، اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں ، چیئرمین میٹرو بس سروس حنیف عباسی ، میئر راولپنڈی سردار نسیم ، جوائنٹ سیکرٹری پریس کلب عابد عباسی ، شکیلہ جلیل ، چیئر مین ایپنک لقمان شاہ ، صدر ایم ڈبیلواو رضاعلی کاظمی ، چیئرمین ایم ڈبیلواواظہر علی قادری ، سیکرٹری صفدر ایم راجپوت ،نیشنل پریس کلب کے دیگر عہدے دار اور سیکڑوں صحافی اور میڈیا ورکرز موجود تھے ، مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی پوری دنیا تعریف کر رہی ہے۔
راولپنڈی پریس کلب آنے کا مطلب اپنے گھر آناہے ،صحافیوں نے ہمیشہ جمہوریت پر حملے کیخلاف بھرپور کردار ادا کیا،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی میڈیا کا کردار قابل ستائش رہا ہے،صحافیوں کے تحفظ سے متعلق بل میں متعلقہ تمام افراد کو شامل کیا گیا ہے،صحافیوں کی ٹریننگ کیلئے پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں،حکومت کے اچھے کاموں کو رپورٹ کرنا صحافیوں کا فرض بنتا ہے،راولپنڈی شہر کی ترقی دیکھ کر فخر ہوتا ہے،وزیراعلی پنجاب صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں،پاکستان کی اقتصادی ترقی کی پوری دنیا تعریف کررہی ہے ،پاکستان میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں، پاکستان میں بین الاقوامی سطح پرکھیلوں کی بحالی ملک میں امن و امان کے قیام کا عملی ثبوت ہے صحافیوں کے حقوق اور سکیورٹی کی بات کرنے والی حکومت کبھی بھی صحافت کو نقصان نہیں پہنچا سکتی،منصب سنبھالتے ہی صحافیوں کی سیکورٹی کا بل منظور کیا،ویج بورڈ پر پرویزرشید نے بہت کام کیا جو آگے بڑھایا جا رہا ہے جس کیلئے ہماری کوشش ہے کہ اے پی این ایس کو آن بورڈ رکھ کر آٹھواں ویج بورڈ جلد ازجلد تشکیل دیا جائے کیونکہ قانون کے مطابق جس کا جو حق ہے اسے ملنا چاہیے،سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے میڈیا ورکرز کے تمام ممبران کیلئے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت راولپنڈی کے تمام اسپتالوں میں مفت علاج کا اعلان کیااور کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن رہے گا،دریں اثناء حنیف عباسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے نیشنل پریس کلب پنڈی کیمپس میں صحافیوں کیلئے جدید طرز کے اسپورٹس ہال کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے جس کی تعمیر مارچ 2018 تک مکمل ہو جائے گی۔
صدر پی ایف یوجے افضل بٹ نے کہاکہ کارکنوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں ، میڈیا ورکرز والے ہمارا حصہ ہیں انکے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑیں گے ، آٹھویں ویج ایورڈ کے حوالے سے وزیر مملکت کی یقین دہانی پر اطمیان کا اظہار کرتے ہیں ،وقت آگیاہے کہ تمام صحافی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں ، ہمارااتحاد ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔