• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خودکشی ٹرینڈ بن گئی ، روک تھام کیلئے سزا ضروری ہے ، احسن اقبال

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ خودکشی ٹرینڈ بن گئی ہے اور معمولی باتوں پر خودکشی کے واقعات سامنے آرہے ہیں ، اس کی روک تھام کیلئے خودکشی کرنے کی کوشش کرنےوالے شخص کے بچنے پر اسے سزا دینا ضروری ہے جبکہ نظریاتی کونسل کے نمائندے نے بتایا کہ کسی حدیث میں تجویز نہیں کہ اگر خودکشی کے دوران کوئی بچ جاتا ہے تو اسے کیا سزا ملنی چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمٰن ملک کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں وزیرداخلہ احسن اقبال نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ اجلاس میں اقدام خودکشی کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے تمام شرکاء سے رائے لی گئی۔ اس موقع وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاکہ قانون سازی استثنیٰ کو دیکھ کر نہیں کی جاتی، استثنیٰ خاص حالات میں دیکھ کر دیا جاتا ہے، قتل ایک جرم ہے لیکن یہ قتل اگر اپنے دفاع میں کیا گیا ہو تو قانون میں سزا کے حوالے سے گنجائش موجود ہے، اسلام میں بھی خودکشی کو ایک ناپسندہ فعل قرار دیا گیا ہے، لہٰذا خودکشی ایک جرم ہے اور یہ فعل کرنے والا اگربچ جاتا ہے تو اسے اپنے کئے کا احساس دلانے کی ضرورت ہے، یہاں اب خودکشی ایک ٹرینڈبنتاجارہاہے اورمعمولی معمولی بات پر خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں اس لئے اسے روکنے کے لئے اقدام خودکشی کی سزاہونی چاہئے ۔

چیئرمین کمیٹی رحمٰن ملک نے کہاکہ اسلامک لاء کے تحت، حدیث اورقرآن پاک کوسامنے رکھتے ہوئے کمیٹی کو تفصیلات دی جائے تاکہ ہائوس کی منظوری کی صورت میں یہ بل پارلیمنٹ کو بھجوایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بدنصیبی یہ ہے کہ جس گھرسے خودکش حملہ کیا جاتا ہے اس گھر میں مبارک باد یں دی جاتی ہیں اورمٹھائیاں تقسیم ہوتی ہیں اس پر بھی ہم دیکھیں گے ۔ اس موقع پر کمیٹی کو بتایاگیاکہ خودکش حملہ آورکی میت کا جنازہ اس طرح نہ پڑھایاجائے جس طرح عام لوگوں کاپڑھایا جاتا ہے لیکن یہ نہیں ہے کہ خودکش کا جنازہ ہی نہیں ہوتا، خود کو قتل کرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔

اس موقع پر نظریاتی کونسل کے نمائندے نے بتایاکہ نظریاتی کونسل میں اس وقت 9؍ ممبران ہیں جبکہ چیئرمین کی تعیناتی ابھی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی حدیث میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اگر خودکشی کے دوران کوئی بچ جاتا ہے تو اسے کیا سزا ملنی چاہئے۔

تاہم چیئرمین کمیٹی رحمٰن ملک نے وزیر داخلہ سے کہا کہ نظریاتی کونسل کے چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم سے بات کریں تاکہ جلد ازجلد چیئرمین کی تعیناتی ہوسکی ۔خواجہ سرائوں کی عزت نفس اورحقوق کے حوالے سے پیش کیاگیا بل بھی اقدام خودکشی ترمیمی بل کے ساتھ اگلے اجلاس میں بحث کے لئے مؤخر کردیا گیا۔

تازہ ترین