اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کانام تبدیل کرنےکا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اس سلسلہ میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے سربراہ حاصل بزنجو ہیں۔ کمیٹی نام کی تبدیلی کا فیصلہ کریگی ۔یہ بات وفاقی وزیر قادر بلوچ نے سینیٹر تاج حیدر کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں واضح کی۔ چیئرمین سینٹ نے وفاقی وزیر کے بیان کے بعد محرک سے کہا وہ کمیٹی کے چیئرمین سے مل کر چیک کریں ۔ سینیٹر تاج حیدر نے اس سے قبل توجہ دلائو نوٹس پر کہا کہ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام بدلا جارہا ہے جو لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ اس نام کی منظوری کابینہ نے دی تھی اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا کہ وفاقی وزیر کہہ رہے ہیں کہ کابینہ میں فیصلہ نہیں ہوا۔ میری اطلاع کے مطابق نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو ہی رکھاجارہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلی کابینہ میں فیصلہ ہوا مسلم لیگ (ن) کی کابینہ میں نہیں ہوا۔