عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ احسن اقبال کابیان یہ منہ اور مسور کی دال کے مترادف ہے، مریم نواز پارٹی کے ساتھ شریف خاندان بھی توڑ دیں گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ مقبولیت کی انتہا پر ہیں تو الیکشن کراکے دیکھ لیں ۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا ہے کہ حیران ہوں کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار مستعفی کیوں نہیں ہوئے، انہیں فوری مستعفی ہونا چاہیے۔
شیخ رشید کا کہناتھاکہ شاہد خاقان عباسی شریف خاندان کے پارٹنر ہیں، حدیبیہ پیپر ملز جرائم کی جڑ ہے، نوازشریف کے اقتدار کے خاتمے میں بڑا ہاتھ مریم نواز کا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کو اسٹیٹ بینک میں لگایا گیا، ڈار بیان حلفی سے پھرے تو شریک ملزم بن جائیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ن لیگ کو حدیبیہ کیس سے تکلیف اس لیے ہے کہ اس میں صرف نواز شریف نہیں بلکہ پورا شریف خاندان ہے، اس میں مریم نواز، کلثوم نواز ، حمزہ شہباز اور شہباز شریف بھی ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس میں قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ بھی کر ڈالا۔