ملتان(سٹاف رپورٹر)نامور صحافی اور دانشور آئی اے رحمان نے کہا ہے کہ قسور گردیزی محروم طبقوں کی آواز تھے ،ایک جاگیر دا ر گھرانے سے تعلق رکھنے کے باوجود انہوں نے اپنی پوری زندگی ان لوگوں کے حقوق کے لیے وقف کئے رکھی جنہیں اشرافیہ اپنا غلام سمجھتی ہے، وہ چاہتے تو اقتدار کے ایونواں میں بہت سے منصب بھی حاصل کر سکتے تھے لیکن انہوں نے اپنے لئے دوسرے راستے کا انتخاب کیا،وہ ملتان ٹی ہائوس میں سخن ور فورم کے زیر اہتمام دانشور اور شاعر سید قسور گردیزی کی 24 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے،مہمان خصوصی ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ اور وجاہت مسعود تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں مخدوم جاوید ہاشمی اور خادم حسین سومرو شامل تھے،،ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ بلوچ عوام خود ظلم کا شکار ہیں ان کی آواز دبائی جا رہی ہے،مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے زمانہ طالبعلمی میں قسور گردیزی سے بہت کچھ سیکھا وہ ایک ایسا دور تھا جب نظریاتی اختلاف کے باوجود باہمی احترام اور رواداری کر رشتے مضبوط تھے،وجاہت مسعود نے کہا کہ آج کے دور میں ہم قسور گردیزی کی فکر کو اس طرح آگے بڑھا سکتے ہیں کہ جن کیلئے کوئی آواز بلند نہیں کرتا ہم ان کی آواز بنیں،اس موقع پر دانشور خادم حسین سومرو،ڈاکٹر صلاح الدین ،ملک الطاف کھوکھر، وسیم ممتاز،مظفر عباس گردیزی ،حیدر عباس گردیزی،زاہد حسین گردیزی نے بھی خطاب کیا۔