حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں لطیف آبادنمبر 3 کے رہائشی حبیب اللہ میمن کی جانب سے آئینی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہاگیاتھا کہ اس کے گھر کے بالمقابل ایک نجی سپرمارکیٹ کی تعمیر کی گئی ہے۔ سپرمارکیٹ مالکان نے مین آٹو بھان روڈ، میمن روڈ سے اندر آنے والی روڈ اور مارکیٹ کی عقبی گلی کی جانب سرکاری اراضی جو فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ کے لئے مختص ہوتی ہے اس پر قبضہ کرکے تعمیرات کرلی ہیں اور عقبی گلی میں جنریٹر نصب کرکے ایئرکنڈیشننگ کے اضافی آلات بھی نصب کردیئے ہیں ۔
سپرمارکیٹ مجموعی طورپر 2526مربع گز کے دوپلاٹوں پرمشتمل ہے لیکن متعلقہ محکموں سے 2840مربع گز کانقشہ منظور کرایاگیاہے،انکوائری کرائی جائے ۔ سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گذار کے وکیل کے دلائل کے بعدگذشتہ دنوں ایڈیشنل رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سید ثابت علی شاہ کو کمشنر مقرر کر کے نجی سپرمارکیٹ کامختار کار کے ہمراہ دورہاورقبضہ شدہ اراضی کامعائنہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کاحکم دیاتھاجس پر ہفتہ کو ایڈیشنل رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سید ثابت علی شاہ نے اپنی نگرانی میں نجی سپرمارکیٹ کی ریونیوریکارڈ کے تحت پیمائش کرائی ۔