وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اپنا گھر ٹھیک کرنے کے قریب ہیں کیونکہ جب تک اپنا گھر ٹھیک نہیں ہوتا مسائل حل نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کے بعد رد الفساد کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ چین اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،کچھ لوگ سی پیک کو چین پنجاب راہداری کہتے ہیں اور کچھ کم علم لوگ سی پیک کو ایسٹ انڈیا کمپنی سے تشبیہ دیتے ہیں، دراصل ایسے لوگ 2 دوست ملکوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کا کوئی ایسا پلیٹ فارم نہیں جہاں سی پیک پربات نہ ہوئی ہو، سی پیک دو قریبی شراکت داروں اور گہرے دوستوں کا منصوبہ ہے، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے لوگ بد دیانت ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف 4 سال میں 10ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی، ہم نے تنازعات کا حل ڈھونڈنا ہے، جب تک ہمارے لوگ خوشحال نہیں ہوں گے دنیا عزت نہیں کرے گی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا ہم سوچتے رہے کہ امریکا ہم پر انحصار کرتا ہے اور ہم تعلیم کے بجائے امریکا سے طیارے ،ہتھیار اور میزائل خریدتے رہے۔