وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ردعمل سامنے آگیا۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وفاقی وزراء خواجہ آصف اور احسن اقبال کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان کو بھی اپنی تنقید کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان کے ’’گھر صاف کرنے‘‘ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں انہیں کس نے روکا ہے؟
چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات سے دشمن کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے،اس بیانیے سے پاکستان کا دنیا میں تماشا نہ بنائیں،ایسے بیانات سے گریز کریں جس سے دشمن طاقتوں کا پاکستان مخالف بیانیہ مضبوط ہو۔
سابق وزیرداخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، گھرکی صفائی پرکسی کو اعتراض نہیں، آپ بیانات کے بجائے عملی کام پر توجہ دیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ پچھلے چار سال میں جتنی گھرکی صفائی کی اس کی مثال نہیں ملتی، بہت سا کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بیانات سے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر کمزور ہوتا ہے،کبھی بھارتی حکومت یا ان کے سیاست دانوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے؟
چوہدری نثارعلی خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے، بھارت میں مسلمانوں کو گائے کی بے حرمتی کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھی گھر صاف کرنے کے حامی ہیں۔