اسلام آباد(طاہر خلیل) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان منگل کو اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔
شہباز شریف ملاقات کیلئے خصوصی طورپر اسلام آباد آئے تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے عمومی سیاسی صورتحال اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ چوہدری نثار آنے والے دنوں میں ساری توجہ پارٹی کے تنظیمی امورپر دیں گے۔ دوسری جانب صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم گھر صاف ضرور کریں انہیں کس نے روکا ہے؟ مگر اس بیانیے سے پاکستان کو دنیا میں تماشانہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا یہ واضح موقف ہے کہ ہمارے اندر جو بھی کوتاہیاں یا کمزوریاں ہیں اس کاعلاج ہونا چاہیے۔ اہم حکومتی ذمہ دار لیڈر جب اس مسئلے کو اپنے بیانات کا حصہ بناتے ہیں تو اس سے دشمن کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے اور وہ کہتا ہے کہ ساری دہشت گردی کی جڑ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو میر ی بات پر شک ہے تو خواجہ آصف کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا کے تبصروں کا جائزہ اورمطالعہ کرلے جس میں کہا گیا کہ پاکستان تو اب وہ بات خود مان رہا ہے جو بھار ت کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے۔
چوہدری نثار علی نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھارت کے اندر ہندو انتہا پسند اوردہشت گرد تنظیمیں بڑی ڈھٹائی سے اپنے مکروہ عزائم میں کمربستہ ہیں کبھی بھارتی حکومت یا ان کے سیاستدانوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا، وہاں تو معزز لوگوں کے منہ کالے کئے جاتے ہیں غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور مسلمانوں اورا قلیتوں کو بے دردی سے گائے ماتا کی بے حرمتی کے شک پر قتل کردیا جاتا ہے،۔