اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی کے بعد ارکان اسمبلی صدمے کا شکار ہیں، آرمی چیف اور وزیراعظم کے بیان کو ایک ہی انداز میں لیا جانا چاہیے، آرمی چیف نے واضح بیان دیا ہے کہ اب دنیا کو ڈومور کرنا چاہیے،سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کی جنگ میں جو قربانیاں دیں عالمی برادری انہیں تسلیم کرے، معلومات تک آسان رسائی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ جیسے قوانین پر کام کر رہے ہیں۔
وہ منگل کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ( پی آئی ڈی) میں میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک میں اندھیروں کو فتح اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا،سی پیک جیسا تحفہ بھی دیا،کلثوم نواز کے وزیراعظم بننے کے حوالے سے قیاس آرائیاں اور مبالغہ آرائیاں ہیں،مسلم لیگ (ن) میں کوئی اختلافات نہیں آج بھی پہلے کی طرح متحد ہے، حقائق مسخ کرنے پر ڈی جی انٹرنل پبلسٹی ونگ وزارت اطلاعات ناصر جمال کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزارت اطلاعات دو قوانین پر کام کر رہی ہے، وزارت قانون کی اجازت کے بغیر کوئی بھی نیا قانون نہیں بنایا جا سکتا، جمہوری دور میں کوئی بھی قانون متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لئے بغیر نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات دو قوانین کام کر رہی ہے جس میں ایک معلومات تک آسان رسائی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا بل ہے۔پریس کونسل آف پاکستان کے جعلی آرڈیننس سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی جسکی رپورٹ موصول ہو گئی ہے،میڈیا نمائندے بغیر تصدیق کوئی بھی خبر شائع یا نشر نہ کیا کریں،صحافیوں کے حقوق کا تحفظ بھی جمہوری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی کے بعدممبران اسمبلی صدمے کا شکار ہیں جس کی وجہ سے قومی اسمبلی میں کورم کا مسئلہ درپیش ہے، چوہدری نثار کے بیان کے حوالے سے انہی سے پوچھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے این اے 120میں چار سال جھوٹ بولنے والوں کو مسترد کر دیا۔