• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج اور عدلیہ کو نیچا دکھانے کی نواز شریف کی سازش ناکام ہوگئی، چوہدری شجاعت

گجرات، لاہور (،نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ کو نیچا دکھانے کی نوازشریف کی گھنائونی سازش انشاء اللہ ناکام ہو گی ، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں 14افراد کا خون بہانے والوں کو ایسی سزا ملے گی کہ تاریخ میں لکھی جائے گی ، آئندہ کسی کو بیگناہ شہری کو خون میں نہلانے کی جرأت نہیں ہو گی ۔ وہ گجرات میں چوہدری ظہورالٰہی شہید کی برسی کی تقریب میں  ملک بھر سے آنے والے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ چوہدری وجاہت حسین اور حسین الہیٰ بھی تقریب میں شریک تھے۔ شرکأ شہید ِجمہوریت چوہدری ظہورالہیٰ کے حق میں نعرےلگاتے رہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے  اپنے خطاب  میں مزید کہا میں نے آج تک پاکستان میں اتنا برا وقت نہیں دیکھا، نوازشریف نے ذاتی انا کیلئے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی جو ان کے حق میں اور ملک کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ گو نواز گو ہو رہا ہے، مسجد نبوی میں بھی چور چور کے نعرے لگ گئے ،اس سے زیادہ اور کیا بے عزتی ہو سکتی ہے۔ نوازشریف نے تو اپنی بیٹی  سے بھی جعلی دستاویزات پر دستخط کروا لئے اور پھر کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ اور فوج دو ایسے ادارے ہیں جن پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے لیکن نوازشریف نے ان دونوں اداروں کو بدنام کرنے کی بہت کوشش کی، سپریم کورٹ پر آفرین ہے کہ وہ ساری چیزیں بڑے حوصلے کے ساتھ برداشت کر رہی ہے، میں آج پیشگی کہہ رہا ہوں کہ  حالات جلد تبدیل ہو جائیں گے۔ چوہدری پرویزالہیٰ نے  کہا کہ چوہدری ظہورالہیٰ کی شہادت پر تمام مخالفین اکٹھے ہو گئے اور ہمارے خاندان کی سیاست کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ناکام رہے جس کا ثبوت آپ سب کی یہاں موجودگی ہے، پچیس سال سے ن لیگ حکومت میں ہے پھر بھی ان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، خود ہی میچ کرواتے ہیں لیکن اس میں بلکہ جہاں بھی جاتے ہیں چور چور کے نعرے لگتے ہیں۔

تازہ ترین