کندھ کوٹ(نامہ نگار)قومی اسمبلی میں پوزیشن لیڈرسید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میں متحدہ قومی موومنٹ اور پی ٹی آئی کو ایوان میں واپس لایا تھا یہی لوگ اب سازشیں کر رہے ہیں ، پرویز مشرف اگر قاتل نہیں ہے تو اس نےشہید بینظیر کے قتل کی جائے واردات کو کیوں دھلوایا تھا ؟اگر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی تبدیل کیاگیاتو نوازشریف کو فائدہ ہو گا،چوہدری نثار کوموقع ملاتو وہ نوازشریف کیلئے نہیں اپنے لیے ہی ڈیل کرینگے،ملک میں ہرچیز مُک مکا سے ہوتی ہے میں مک مکا کا قائل نہیں ہوں، عمران خان نے ہمیشہ اپنی غلط پالیسیوں کے باعث نوازشریف کو مضبوط کیا،پی پی کے خلاف اتحاد کے داعی ان لوگوں کے ساتھ اتحاد کررہے ہیں جوسندھیوں کو کراچی میں برداشت نہیں کرتے سندھیوں کو وہاں کاڈومیسائل بنانے کا بھی حق نہیں دیتے۔
وہ جیلانی ہاؤس غوثپور میں پریس کانفرنس سے کر رہے تھے ،اس موقع پر پی پی ضلع صدر سابق ایم این گل محمد جکھرانی،جنرل سیکریٹری الطاف احمد خان کھوسہ ودیگرپی پی رہنمابھی موجودتھے۔قبل ازیں خورشید شاہ نےکندھ کوٹ میں سردارڈاکٹرمحمد علی ملک ،سینئرصحافی لیاقت کھوسہ کے چچا،سابق ایم پی اے میرحاکم خان سندرانی کی زوجہ اور ایم پی اے میرعابد خان سندرانی کی چچی ،راجہ غوث بخش خان بجارانی کی چچی ،سابق چیئرمین ضلعی زکوٰۃ وعشرکمیٹی پیر سید بشیر احمد شاہ جیلانی کے بھائی اورچچی کے انتقال پر تعزیتیں کیں۔