لاہور(سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پرویز مشرف عدالتی مفرور چور مچائے شور کا پراپیگنڈہ اور الزام تراشی کر کے حقائق نہیں چھپا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈکٹیٹر کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لایا جائے۔ مزید برآںپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی نائب صدر میاں منظو وٹو نے اپنی رہائش پر حاجی عزیز الرحمان چن، عابد صدیقی سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کسی فیملی کو اتنا طویل عرصہ اقتدار نہیں ملاجتنا ن لیگ کو ملا ہے۔اس وقت اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر قومی ادروں کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔اپوزیشن کو کمزور کرنا اور تقسیم کرنے سے عوام میں مایوسی پھیلے گی۔پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔اب عمران خان کو ایم کیو ایم اور اس کے بانی کے جرائم دکھائی نہیں دے رہے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیوایم رہنماؤں کی ملاقات پر عزیز الرحمن چن کاکہناتھاکہ بلی تھیلے سے باہر آگئی۔دونوں جماعتیں مفاد کے لیے اکٹھے ہو رہی ہیں ۔ تحریک انصاف اور حکومت کے مابین انا کی جنگ ملک کے لئے مفید نہیں۔ عمران خان نے ملک میں گند کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ جس سے ملک میں انتشار کی فضا بن چکی ہے۔ اس انتشار کا فائدہ غیر جمہوری طاقتیں اُٹھائیں گی۔