پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے سابق وزیر داخلہ کو آج تنقید کا ہدف بنایا، انہوں نے الزام لگایا ہے کہ چوہدری نثار نواز شریف سے مخلص نہیں ہیں۔
لندن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے مشکل وقت میں مریم نواز پر حملہ کر کے این اے 120 لاہور کے نتائج پر اثر اندا زہونے کی کوشش کی ۔
ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ چوہدری نثارنے عمل سےثابت کیاکہ وہ نوازشریف کےدوست نہیں، انہوں نے کلثوم نوازکی انتخابی مہم کونقصان پہنچایا،مشکل وقت میں مریم نوازکو نشانہ بنایا۔
ڈاکٹر عاصم نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ مریم نواز نے اپنی والدہ کے لیے انتخابی مہم بہت مؤثر انداز میں چلائی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو پسند نہیں کرتے، پارٹی میں اپنا مستقبل نہیں دیکھ رہے، وہ جانتےہیں کہ ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں دو سال جیل میں رہا مگر اپنے دوست کے خلاف نہیں بولا، چوہدری نثار کے پاس جتنی عزت ہے وہ نواز شریف کی بخشی ہوئی ہے۔
ڈاکٹرعاصم کا یہ بھی کہنا تھا کہ چوہدری نثارکاپاکستان میں کوئی حصہ نہیں، ان کی فیملی امریکامنتقل ہوچکی، وہ خود بھی جلد امریکا منتقل ہوجائیں گے، نوازشریف کو سمجھناچاہیےکہ چوہدری نثار مخلص اوردوست نہیں۔