• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی جدید خطوط پر تنظیم نووقت کی ضرورت ہے،احسن اقبال

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پولیس کی جدید خطوط پر تنظیم نو وقت کی ضرورت ہے، افسروں کیلئے آن لائن کورسز شروع کئے جائیں تاکہ چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں، تفصیلات کے مطابق  وزیرداخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پولیس اکیڈمی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی شیخ نسیم الزماں، صوبوں کے آئی جیز  اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کو جدید خطوط پر منظم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ملک بھر میں ہزاروں افسروں کے لئے آن لائن کورسز شروع کئے جائیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ جرائم کے انسداد کے لئے پولیس کی تنظیم نو وقت کی ضرورت ہے۔وزیرداخلہ نے افسروں کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو کمیونٹی پولیسنگ سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر جدید ٹیکنالوجی کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کی پولیس سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے باہمی رابطہ قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔وزیر داخلہ نے صوبوں کے آئی جیز کو ہدایت  کی کہ سیف سٹی کا کامیاب پروجیکٹ تمام صوبوں کے لئے قابل تقلید نمونہ ہے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس  پانچ سال کے بعد منعقد ہواہے رولز کے مطابق نیشنل پولیس اکیڈمی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس  سال میں دو دفعہ منعقد ہونا ضرری ہے۔ وزیرداخلہ نے آئندہ  اجلاس جنوری میں بلانے کی ہدایت کردی وزیرداخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے مختلف حصوں کا دورہ کیادورے کے دوران وزیرداخلہ نے کلاس رومز کا جائزہ لیا اور تربیت حاصل کرنے والے افسروں سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں آنے کے بعد افسران حقیقی چیلنجز کا سامنا کرنے کےلئے خود کو تیار رکھیں۔

تازہ ترین