لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ختم نبوت کے حلف کوبدلنے کی منظم سازش کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے ، محض کلیریکل غلطی قرار دے کر اتنے بڑے معاملے کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اداروں کااپنے اپنے دائرہ کار میں رہنے کا عزم خوش آئند ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں صوبائی ذمہ داران اور خیبر پختونخوا کے ضلعی امراءکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ اداروں کی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی کوششیں ملک اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں اس لیے تمام اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہیے ۔