• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل انٹری ٹیسٹ پیپر آئوٹ کرنیوالا ملزم ملتان سے گرفتار

لاہور، ملتان (جنرل رپورٹر، صباح نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک کرنے میں ملوث مرکزی ملزم رائو بلال کو بیرون ملک فرار کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا جسےتفتیش کیلئے لاہورمنتقل کر دیاگیا ۔ ملزم رائو بلال کو ملتان ائر پورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ نجی ائیر لائن سے قطر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے ارتضیٰ حیدر کے مطابق ملزم سے برآمد سامان اور سفری دستاویزات قبضہ میں لے لی گئیں ہیں جبکہ اس کے شناختی کارڈ پر عارضی پتہ لاہور کی پنجاب ہائوسنگ سوسائٹی جبکہ مستقل پتہ جتوئی ضلع مظفر گڑھ کا درج ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میڈیکل کالجوں کے انٹری ٹیسٹ کے پرچے آئوٹ کرنے میں ملوث ملزمان کی تعداد چار کی بجائے 9 ہے جن میں 6 ڈاکٹر بھی شامل ہیں ۔ دوسری جانب یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ پیپر لیک کیس کے حقائق سامنے آنے اور عملے کے ذمہ دار افراد کے ملوث ہونے کے بعد تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے یونیورسٹی میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھاتے ہوئے پرچہ لیک میں مبینہ طور پر ملوث یو ایچ ایس کی ڈپٹی کنٹرولر صائمہ تبسم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ جازب حسین بھٹی کو تفتیشی عمل میں شامل کرنے کیلئے رخصت پر بھجوا دیا گیا۔انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے نئے SOPsبھی لاگو کردیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی میں حفاظتی انتظامات کو سخت کرتے ہوئے نئے سیکورٹی کیمرے نصب کیے گئے ہیں ، وائی فائی نیٹ ورک بھی بند کردیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی فیکلٹی اور سٹاف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ چند افراد کی وجہ سے یونیورسٹی کی عزت و ناموس پر جوداغ لگا ہے اسے صاف کریں گے اور ادارے کا وقار بحال کریں گے۔ انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ایک واقعہ کی وجہ سے پورے ادارے اور سٹاف کو بدنام نہ کیا جائے۔علاوہ ازیں یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اب 29اکتوبر بروز اتوار ہوگا۔ ترجمان کے مطابق وہ تمام امیدوار جو 20اگست کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرچکے ہیں وہ اپنے پرانے رول نمبرز کے ساتھ انہی سنٹرز سے ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گےجہاں انھوں نے پہلے ٹیسٹ دیا تھا۔ اس ٹیسٹ کیلئے کوئی نئی رجسٹریشن یا فیس جمع نہیں کرانی پڑے گی۔   
تازہ ترین