• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی ریجنل کمیٹی نے راولپنڈی،جہلم کی ضلعی تنظیمیں تحلیل کر دیں

راولپنڈی (عاصم جاوید ، خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کی ریجنل کمیٹی نے بلااجازت پارٹی عہدوں پر تقرریاں کرنے پر راولپنڈی اور جہلم کی ضلعی تنظیموں کو تحلیل کر دیا ہے۔ ضلع راولپنڈی کی تنظیم تحلیل ہونے سے لگ بھگ دو ہزار تقرریوں کے نوٹیفکیشن بھی غیر موثر ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور جہلم کی ضلعی تنظیموں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے بغیر تحلیل کیا گیا ہے اور شنوائی کا موقع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی علاقائی کمیٹی کے اس اقدام سے دونوں اضلاع میں پارٹی میں دھڑے بندی کو فروغ ملے گا ۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما زاہد حسین کاظمی کو 23 جولائی 2017ءکو ضلع راولپنڈی کا صدر مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد پوٹھوہار ٹاؤن کے علاوہ راولپنڈی کی باقی تحصیلوں اور یونین کونسل کی سطح تک عہدیداروں کے 2 ہزار کے قریب نوٹیفکیشن جاری ہوئے جبکہ 15 اکتوبر تک تمام یونین کونسلوں کی تنظیمیں مکمل کرنے کا ہدف مقرر تھا۔ تحریک انصاف شمالی پنجاب کی ریجنل کمیٹی کے اس فیصلے سے گوجرخان میں سابق تحصیل ناظم چوہدری عظیم ، کلر سیداں میں سابق تحصیل ناظم ملک سہیل اشرف ، مری میں دو مرتبہ ٹاؤن ناظم بننے والے راجہ ہارون ، کہوٹہ میونسپل کمیٹی کے ٹاؤن ناظم راجہ امتیاز عالم ، تحصیل کہوٹہ میں جاوید عباسی ، ٹیکسلا میں ملک افسر اور کوٹلی ستیاں میں باسط ستی تحصیل صدور کے عہدوں سے فارغ ہو گئے ہیں اور ان کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن بھی غیر موثر ہو چکے ہیں۔ تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کے معزول ہونے والے صدر زاہد حسین کاظمی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ذیلی تقرریاں کرنے کا اختیار ضلعی تنظیم کا استحقاق ہے ، شمالی پنجاب کی تنظیم نے 24 جولائی کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے تنظیمی عہدوں پر تقرریوں کے لئے مشاورت کو لازمی قرار دیا جس کے بعد تمام نوٹیفکیشن شمالی پنجاب کی تنظیم کے علم میں لائے گئے لیکن اس کے باوجود ضلعی تنظیم کو فارغ کر کے جاری کئے گئے تمام نوٹیفکیشن منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ ادھر تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بالکل درست اور پارٹی کے مفاد میں اٹھایا گیا ہے۔ بغیر اجازت اور مرضی سے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے پارٹی کے پرانے کارکنان میں اضطراب پایا جاتا تھا۔ اس اقدام سے پارٹی کمزور نہیں مضبوط ہو گی۔
تازہ ترین