• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب بھرمیں کرایہ داروں کے کوائف کا اندراج آن لائن کرنے کی سہولت

راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لئےکرایہ داروں کے کوائف کا اندراج آن لائن کرنے کی سہولت دے دی۔پنجاب کے 36اضلاع میں یہ سہولت فراہم کردی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ دوماہ سے آن لائن رجسٹریشن کاسلسلہ مختلف شہروں میں شروع کیاگیاتھاجسے اب پورے صوبے تک توسیع دے دی گئی ہے ۔اب کرایہ داروں اورمالکان جائیدادکوکوائف کااندراج کرانے کے لئے پولیس سٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہے وہ یہ کام گھربیٹھے آن لائن کرسکتے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے شہریوں کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کو بچانے کیلئے کرایہ داروں کے کوائف کے تھانوں میں اندراج کو آن لائن کردیا ہے۔ جس کے تحت مالک مکان یا کرایہ دارhttps://www.punjabpolice.gov.pk/tenants سے اپنا ریکارڈ خود آن لائن کرسکتا ہے پلے سٹورکے ذریعے اینڈرائیڈموبائل سیٹ پرایپ بھی ڈاؤن لوڈکرکے آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے ۔ علاوہ ازیں سابقہ طریقہ کارکے مطابق پولیس سٹیشنوں میں دستیاب فارم کو پر کرکے اپنے متعلقہ تھانہ کے فرنٹ ڈیسک سے بلامعاوضہ آن لائن رجسٹریشن بھی کروائی جاسکتی ہے۔ اس حوالے سے عوام میں شدیدتحفظات پائے جاتے تھے اورتھانوں میں اندراج کرانے والے بیشترلوگوں کوشکایات تھیں کہ انہیں بلاوجہ تنگ کیاجاتاہے اوربعض مقامات پررقم طلب کئے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے یہ مطالبہ بڑھتاجارہاتھاکہ کوائف کے اندراج کوسہل بنایاجائے ۔یادرہے کہ کرایہ داروںکی معلومات کے پنجاب ایکٹ 2015 کے تحت پولیس کو کرایہ دار کی بروقت معلومات نہ دینےپر 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے۔
تازہ ترین