اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان نے بجلی کی اجارہ داری ختم کر دی، مسابقتی منڈی پر نظریں، عالمی بینک نے اصلاحات کی حمایت میں 55 ملین ڈالرز کی نئی فنڈنگ کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ورلڈ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر آف آپریشنز، انا بیجرڈے کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران بتایا کہ پاکستان جلد ہی مسابقتی بجلی منڈی کھول دیگا، جس سے بجلی کی خریداری میں حکومت کی واحد اجارہ داری ختم ہو جائے گی۔ وزیر نے کہا کہ بجلی کی منڈی کی منتقلی کیلئے تیاری کا کام تکمیل کے قریب ہے، اور انہوں نے مارکیٹ آپریشنز کی نگرانی کے لیے ایک خودمختار ادارے، ’’انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر‘‘ کے قیام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظام کی شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے تجربہ کار ماہرین کو شامل کیا جا رہا ہے۔ لغاری نے اہم اصلاحات پر زور دیا، جن میں محصولات کی بہتر وصولی اور یہ یقینی بنانے کی کوششیں شامل ہیں کہ سبسڈی صرف مستحق ترین صارفین تک ہی پہنچے۔ انہوں نے ہدفی سبسڈی کے نظام کے لیے عالمی بینک کی حمایت طلب کی—جسے اینا بیئرڈ نے سراہا اور پاکستان کے توانائی کے شعبے کو جدید بنانے میں تعاون جاری رکھنے کے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریباً 7000میگاواٹ بجلی کے اضافی ذخیرے کے ساتھ، لغاری نے تجویز دی کہ صنعتوں کو بجلی معمولی نرخوں پر فراہم کی جائے، اور دعویٰ کیا کہ یہ خطے میں صنعتی شعبے کیلئے سب سے سستی بجلی ہوگی۔