کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیر داخلہ سندھ و صنعت و تجارت رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ میڈیا پر چلنے والی اس خبر کی تردید کرتا ہوں کہ ایم کیو ایم کی قیادت کا کوئی پیغام دبئی میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف تک پہنچایا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں کوئی پیغام رساں نہیں ہوں کہ پیغامات اِدھر سے اُدھر پہنچاتا پھروں۔ پرویز مشرف ایک قابل احترام شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں، میں نے ’’سیرتِ خیر البشرﷺ‘‘ کا ہدیہ پیش کرنے کیلئے پرویز مشرف سے رابطہ کیا تھا۔ نہ صرف اُنہیں کتاب کا تحفہ پیش کیا بلکہ سیاسی موضوع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستان اور بین الاقوامی سیاست پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔