کراچی (اسٹاف رپورٹر) تین مرتبہ کی فاتح پاکستانی ہاکی ٹیم نے بدھ سے ڈھاکا میں شروع ہونے والے دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کامیابی سے کیا، گرین شرٹس نے میزبان بنگلہ دیش پر گولز کی برسات کردی، حریف کھلاڑی پاکستانی گول پوسٹ سے ایک بار بھی گیند ٹکرانے میں ناکام رہے، پاکستان کے محمد ابوبکر نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا، پاکستانی کھلاڑیوں نےایشیا کپ کی کم زور ٹیم کے خلاف اپنی مہارت کھیل کے ہر شعبے میں ثابت کی۔
محمد ابوبکر نے18،41،50ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول بناکر ہیٹ ٹرک اسکور کی، عماد شکیل بٹ نے33ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک اور47 ویں منٹ میں فیلڈ گول بنایا، محمد ارسلان قادر نے 33،60 ویں منٹ میں دونوں فیلڈ گول اسکور کئے، پاکستان کے محمد راشد اور اعجاز احمد، بنگلہ دیش کے رحمان اور پسکور کو گرین کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان نے تمام پانچ میچوں میں جیت کو اپنا مقدر بنایا۔ ایونٹ کے پہلے روز بھارت نے جاپان کے خلاف ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح حاصل کی، بھارت کی جانب سےایس وی سنیل، للیت اپادیو، رمندیپ نے ایک ، ایک اور ہرمن پریت سنگھ نے دو گول اسکور کئے، جاپان کا واحد گول کین کیتا زاتو نے اسکور کیا۔ بھارت کے آکاش دیپ سنگھ نے سنیل کے کراس پر اوپن گول ضائع کیا۔جمعرات کو پاکستان کا مقابلہ جاپان اور بھارت کا بنگلہ دیش سے ہوگا۔