اسلام آباد (خبرایجنسی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے 6سالہ بیٹے کو ہندی ڈبنگ کے کارٹون دیکھنے کی وجہ سے’’اگنی‘‘ خواب میں آنے لگا، والدہ سے پوچھنا شروع کر دیا یہ’’اگنی‘‘ کیا ہوتا ہے، صاحبزادے کے اس سوال نے وزیر مملکت کو فکرمند کر دیا۔
جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کی کارروائی کے دوران وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان میں’’کڈز ٹی وی چینل‘‘ نہ ہونے اور اپنی قومی زبان میں کارٹونز نہ دکھائے جانے کے مضمرات سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ہاں پیش آنے والے متذکرہ واقعہ سے آگاہ کیا،مریم اورنگزیب نے کہا کہ 5سال کی عمر سے بچوں کی ذہنی نشوونما ہونے لگتی ہے، ہمسایہ ممالک کی زبان میں کارٹونز بچوں کے ذہنوں کو متاثر کر رہے ہیں، میرا 6سال کا بیٹا ہے جو کارٹون دیکھتا ہے اور روزصبح اٹھ کر کہتا ہے کہ رات کو ’’ اگنی‘‘ کا ’’ سپنا ‘‘ دیکھا،یہ اگنی کیا ہوتا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بچوں کی اس طرح کی ذہنی نشوونما والدین کے لئے پریشانی کا باعث ہے، اس کا حل نکالنا چاہئے اور ہمیں اپنی زبان ثقافت اقتدار کا تحفظ کرنا ہے۔