لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ پشاور میں کچھ نہ کر سکے وہ پنجاب میں ہمارے فلاحی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی پر اربوں روپے نچھاور کئے ہیں،عوام کی ترقی و خوشحالی جان سے عزیز ہےاور اس خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے،لاہور میں سال2013ء کے اوائل میں میٹروبس کا منصوبہ مکمل ہوا تو پی ٹی آئی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے تھے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان میں سپیڈو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے جس سفر کا آغاز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کیا ہے اس کا پہلے کبھی کسی نے سوچا تک نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں نئی یونیورسٹی میں تعلیم و تدریس کا کام جاری ہے۔ نشتر ہسپتال میں مریضوں کا بہت زیادہ رش ہونے کی بنا پر ملتان میں نشتر ہسپتال 2 بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس منصوبے پر اسی سال کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔قرض خور اورسیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے ،غریب عوام کی بینکوں میں جمع کرائی گئی پونجی لوٹنے والے جن میں جنوبی پنجاب کے بعض لوگوں کے نام شامل ہیں ، میٹروبس منصوبے کی شدید مخالفت کررہے تھے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین اوران کے نیاز مندوں نے اس عوامی منصوبے کو جنگلہ بس کہا اوراس پر 70ارب روپے خرچ ہونے کا بے بنیاد پراپیگنڈا کیاجس کا وہ آج تک کوئی ثبوت نہیں دے سکے۔لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کی مخالفت بھی اسی گروپ نے کی اورپھر خود 2014ء میں پشاور میں میٹروکا اعلان کردیا۔آج سوا چار سال گزرنے کے باوجود یہ پشاور میں منصوبے کی ایک اینٹ بھی نہیں لگاسکے ۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عدالتوں کا سہارا لے کراس عظیم الشان منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کیں اوران کی وجہ سے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے 11پوائنٹس پر کام روکا ہوا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سپیڈو بس کا معائنہ کیا اور اس میں سوار ہوئے۔ پہلے مرحلے میں ملتان میں11 روٹس پر 100 ائیرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی اور ان بسوں میں سفر کیلئے لاہور کی طرز پر ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں ان تمام اقدامات کا ذکر کیا جو اربوں کی لاگت سے جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے کیے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے کا اچانک دورہ بھی کیا ۔جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا،مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ کی ہسپتال میں اچانک آمد پر ہسپتال کے عملے اور مزدوروں کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں اوران کے لواحقین سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں اورانکے اہلخانہ نے ہسپتال میں علاج معالجے اور مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔شہبازشریف نے اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال جنوبی پنجاب کی عوام کو جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے اور کسی ہسپتال کی نجکاری نہیں کی جارہی ۔ محکمہ صحت پنجاب حکومت اور انٹرنیشنل دوا ساز کمپنی نوارٹس فارما پاکستان کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ، اس معاہدے سے کینسر کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت ملے گی، معاہدے کی رو سے کینسر کے مریضوں کے علاج معالجے پر آئندہ پانچ سالوں میں 44 ارب روپے خرچ ہوں گے جس میں سے4 ارب 40 کروڑ روپے پنجاب حکومت جبکہ 39 ارب60 کروڑ روپے انٹرنیشنل ادویہ ساز کمپنی نوارٹس فراہم کرے گی جبکہ اس پروگرام سے 9 ہزار کینسر کے مریض مستفید ہوں گے - ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی شہباز شریف تھے -انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور انٹرنیشنل دوا ساز کمپنی کے مابین طے پانے والے معاہدہ خوش آئند ہے اور اس سے کینسر کے مریضوں کو بے پناہ فائدہ ہو گا - انہوں نے کہا کہ یہ انقلابی پروگرام ہے جس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے -پنجاب حکومت اور نوارٹس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تقریب کے دوران وزیر اعلی شہباز شریف نے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے کینسر کے 3 مریضو ں کو اپنے ساتھ کرسی پر بٹھایا اور ان کے خیالات سنے-علاوہ ازیں شہباز شریف نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام کہا ہے کہ قدرتی آفات سے آگاہی کے عالمی دن کا مقصدعوام کو احتیاطی تدابیر اور بچائو کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصدشہریوں کو قدرتی آفات کی صورت میں اپنی مدد آپ کرنے کے قابل بنانا ہے۔