• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل سیکورٹی کمیٹی میں سول عسکری قیادت ملتی ہے، اتحاد سے معیشت کا رخ موڑا، احسن اقبال

اسلام آباد/ واشنگٹن (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں چیلنجز معلوم ہیں اور نمٹنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔احسن اقبال نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ مجھے دکھ صرف اس بیان سے ہوا تھا کہ معیشت بری نہیں تو اتنی اچھی بھی نہیں لہٰذا ہمیں اب مایوسی کو امید میں بدلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عسکری اور سول قیادت نیشنل سیکیورٹی کےاجلاس میں ملتی ہیں، اتحاد سے ہی ہم نے ملک کی معیشت کا رخ موڑا ہے، ہمیں مثبت پہلوؤں کو دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے ایک آواز ہونا چاہئے، وقت آگیا ہے کہ ہم ملک کے بارے میں پراعتماد ہوں اور دنیا کا اعتماد بھی بحال کریں۔ این این آئی کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2013 کے مقابلے میں پاکستان کی معاشی اور سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے جس کی گواہی دنیا دے رہی،میرا بیان کسی کے خلاف یا محاذ آرائی نہیں بلکہ نشاندہی کی تھی کہ ہر شعبہ کا اپنا دائرہ اختیار ہے۔ معیشت پر وزارت خزانہ، منصوبہ بندی یا حزب اختلاف تبصرہ کرسکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہاکہ دیگرسرکاری اداروں کو محتاط ہونا چاہئے کیونکہ پھر دشمن ایسے بیانات کو لے کر پاکستان کی عالمی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔ آدھے گلاس کو بھرا ہوا بتا کر امید دلائیں مایوسی نہ پیدا کریں۔اے پی پی کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاکہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کااضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں آئندہ چندماہ کے دوران توانائی بحران اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے جن کی تکمیل سے آئندہ چند برسوں میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

تازہ ترین