لندن( نیوز ڈیسک) وال سال ٹائون ہال میں باکسنگ میچ کے دوران ہنگامہ آرائی کے دوران 2افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، ہنگامہ آرائی کے دوران ایک 19سالہ لڑکے کی گردن پر خنجر سے وار کیاگیا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگیا، پولیس نے علاقے کامحاصرہ کرکے تفیتش شروع کردی پولیس کو واردات میں استعمال کرکے متوقع طورپر پھینک دئے جانے والے اسلحہ کی تلاش ہے ،وال سال ٹائون ہال میں آئی بی ایف یوتھ لائٹ ویٹ ٹائٹل کے مقابلے ہورہے تھے، یہ مقابلہ لیوک پیڈوک اور مائرن ملز کے درمیان ہورہاتھا ،کیز ایلس اپنے شوہر رابرٹ اور ایک دوست کے ساتھ ٹائون ہال میں موجود تھیں۔کیز ایلس نے بتایا کہ ہال میں داخلے سے قبل پولیس نے تلاشی لی تھی انھوںنے بتایا کہ دونوں باکسرز کے حامیوں کے درمیان کشیدگی پہلے سے موجود تھی اور کسی جانب سے پانی سے بھرا ہوا پلاسٹک کا ایک برتن پھینکے جانے کے بعد کم وبیش 50افراد کے ایک گروپ کے درمیان ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی لوگوں نے میزیں الٹنا شروع کردیں کرسیاں ہاتھوں میں اٹھالیں اور کھانے پینے کی اشیا ایک دوسرے پر پھینکنے لگے،یہ بالکل فساد کامنظر پیش کررہاتھا۔