• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتاری کے  حکم پر عمران کا الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کو بھجوادیئے، جس کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین نے 26 ؍ اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ کیس اپنے منطقی انجام کو پہنچا رہا ہے عمران خان نااہلی سے نہیں بچ سکتے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کو بھجواد یئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کو بھجوادیئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے 26؍اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ عمران خان کو 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں رضا کارانہ طور پر پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔جیونیوز کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان 26 اکتوبر کو رضاکارانہ طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونگے۔
تازہ ترین