ننکانہ صاحب ( خبرایجنسی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہےکہ فوج ہماری، ہم فوج کی پشت پر کھڑے ہیں،حکومت ، فوج اور عدلیہ میں بال برابر فرق نہیں، دشمن ملکی اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ کرم ایجنسی کے قریب بارودی سرنگ کے پھٹنے سے شہید ہو نے والے کیپٹن حسنین نواز کے گھر ننکانہ صاحب پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ،احسن اقبال نے شہید حسنین نواز کے ایک سالہ بیٹے ذوہان حسنین کو پیار کیا اور شہید کیپٹن حسنین نواز کے والد محمد نواز گوہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو حسنین نواز شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کامیابی کے حصول تک جاری رہے گی ،پوری پاکستانی قوم اور حکومت افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے ،فوج اور حکومت کے درمیان ذرہ برابر بھی دڑار نہیں ہے ،ملک دشمن اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ، پاکستانی فوج اور قوم قربانیوں سے گھبرانے والے نہیں ،پاکستانی قوم کو قربانیوں کی تاریخ رقم کرنے والے افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں پر فخر ہے ، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو ہر صورت جیت کر اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔