• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نوازکے بیانات سے ان کی سیاست کو فائدہ ہوگا،تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ مریم نواز کا جارحانہ رویہ حد سے بڑھا ہوا نہیں ہے، وہ سیاسی بیانات دے رہی ہیں جس کا ان کی سیاست کو فائدہ ہو گا، ن لیگ اور شریف خاندان کا فائدہ لڑائی میں نہیں،مفاہمت میں ہے، مریم نواز کے جارحانہ رویے سے ن لیگ کی سیاست کو نقصان ہوگا،مریم نواز کا جارحانہ رویہ ان کی سیاست کو فائدہ پہنچائے گا،نواز شریف مفاہمتی فارمولا قبول کرلیتے ہیں تو شریف فیملی کو سیاست سے الگ ہونا پڑے گا،چیف جسٹس کا انصاف میں عجلت انصاف کی تدفین کے بیان میں کسی خاص کیس کی طرف اشارہ نہیں تھا،وہ ایک عمومی بات کررہے تھے،اس میں کوئی سیاسی تڑکا نہیں تھا، وزیرداخلہ کا ن لیگ کے بیک وقت حکومت اور اپوزیشن میں ہونے کا بیان عجیب ہے، احسن اقبال ذرہ یہ بھی بتادیں کہ وہ کس کی اپوزیشن ہیں۔ان خیالات کا اظہار امتیاز عالم، ارشاد بھٹی، مظہر عباس، حفیظ اللہ نیازی، شہزاد چوہدری اور بابر ستار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان عائشہ بخش کے پہلے سوال مریم نواز کا حد سے زیادہ جارحانہ رویہ، کیا ان کی سیاست کو فائدہ دے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے امتیاز عالم نے کہا کہ مریم نواز کا جارحانہ رویہ حد سے بڑھا ہوا نہیں ہے، وہ سیاسی بیانات دے رہی ہیں جس کا ان کی سیاست کو فائدہ ہو گا، شریف خاندان اپنا مقدمہ قانونی اور سیاسی دونوں طریقوں سے لڑ رہاہے،ان کی نظر اپنے حلقہ انتخاب ،پارٹی میں اختلاف اور آئندہ انتخابات پر ہے،ن لیگ میں جارحانہ رویے پر رائے تقسیم ہے، شہباز شریف اور حمزہ شریف اس کیخلاف پوزیشن لے کر کھڑے ہوگئے ہیں، نواز شریف اور ان کی فیملی کٹہرے میں کھڑی ہے اس لئے انہیں بہادری کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، اگر ان کی آواز کانپی تو اس کا ووٹر میں برا اثر جائے گا۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور شریف خاندان کا فائدہ لڑائی میں نہیں مفاہمت میں ہے، مریم نواز کے جارحانہ رویے سے ن لیگ کی سیاست کو نقصان ہوگا، مریم نواز جو زبان استعمال کررہی ہیں وہ بے گناہ استعمال نہیں کرتے ہیں، مریم نواز کے جارحانہ رویے کی وجہ سمجھ آتی ہے، مریم نواز کہتی تھیں میری جائیداد نہیں پھر جائیداد نکل آئی، مریم نواز سازش اور بے اختیاری کی بات کرتی ہیں لیکن انہی کے وزیراعظم اور وزیرخارجہ اس کی نفی کرتے ہیں۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ مریم نواز کا جارحانہ رویہ ان کی سیاست کو فائدہ پہنچائے گا، ن لیگ کی این اے 120کے انتخاب میں جیت اور جی ٹی روڈ کا شو ان کی اپنی آسودگی کیلئے کافی ہے۔بابر ستار کا کہنا تھا کہ عدالت سے مقدمہ ہار کر نکلنے والا ہمیشہ فیصلے کیخلاف بات کرتا ہے، مریم نواز نے بھی الزامات کو بے بنیاد ہی قرار دینا تھا، مریم نواز نے اگر سیاست کرنی ہے تو انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط کہنا پڑے گا۔ شہزاد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کے بیانات سیاسی ہیں ان کا قانونی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے، مریم نواز کے جارحانہ رویے کی وجہ ان کی مایوسی ہے، اداروں سے تصادم کا پیغام ووٹر تک جائے گا توا ن کی سیاست کو فائدہ نہیں ہوگا، مریم نواز کو پارٹی میں مفاہمت کی بات کرنے والوں کو سننا چاہئے۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے پاس جارحانہ رویہ اختیار کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، نواز شریف مفاہمتی فارمولا قبول کرلیتے ہیں تو نواز شریف فیملی کو سیاست سے خود کو الگ کرنا پڑے گا، نواز شریف 2000ء میں ایسا ہی فارمولا قبول کر کے باہر چلے گئے تھے، نواز شریف اور ان کے اہل خانہ نے اب مزاحمت فیصلہ کیاہے، وہ سمجھتے ہیں اسی سے انہیں فائدہ ہوگا۔دوسرے سوال چیف جسٹس کا بیان ، انصاف میں عجلت انصاف کی تدفین ہے، اشارہ کس کیس کی طرف ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ چیف جسٹس کا انصاف میں عجلت انصاف کی تدفین کا بیان اہم ہے لیکن انصاف میں بہت زیادہ تاخیر بھی درست نہیں ہوتی ہے، چیف جسٹس کے بیان میں کئی مقدمات کی طرف اشارہ ہے، عدالتوں میں کیسوں پر فیصلہ ہونے میں دس دس سال لگ جاتے ہیں، چیف جسٹس کو عدالتی نظام اور نچلی عدالتوں میں بہتر ی کیلئے اصلاحات کرنی چاہئے۔
تازہ ترین