• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کافرض ہے کہ وہ ملزم کی بجائے عدالتوں کے ساتھ کھڑی ہو،سراج الحق

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نوازشریف پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد حکومت کا فرض ہے کہ وہ ایک ملزم کی بجائے عدالتوں کے ساتھ کھڑی ہو۔ وفاقی وزرا ءکا ایک ملزم خاندان کے ساتھ عدالتوں میں جانا اور ملزموں کی صفائیاں پیش کرنا ، عدالتوں کی توہین ہے ۔ حکمران ٹولہ احتساب کرنے والوں کا احتساب کرنے کا اعلان کر کے دراصل اداروں کو ڈرا دھمکا اور شور مچا کر عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہاہے۔ رائے ونڈ میں غریب خاتون کا سڑک پر بچی کو جنم دینا حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منصورہ میں سول سوسائٹی کی مختلف آرگنائزیشنز کے عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ 2018 ءکے انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کا نفاذ انتہائی ضروری ہے اور اب الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ وہ جلد از جلد آنے والے الیکشن کے لیے ضروری اقدامات اور تیاریوں کا آغاز کردے ۔ ایک الیکشن کے بعد دوسرے الیکشن تک انتخابی اعتراضات سنتے رہنا کوئی کام نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے آج تک انتخابات میں اپنی مقرر کردہ اخراجات کی حد کی پابندی کو یقینی نہیں بنایا جس کا فائدہ اٹھا کر لوٹ کھسوٹ سے بنائی گئی دولت والے اربوں کھربوں خرچ کر کے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیاہے کہ پانامہ لیکس میں موجود دیگر 436 لٹیروں اور بنکوں سے قرضے لے کر معاف کرانے والوں کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور زرداری ، مشرف اور نواز حکومتوں کا مکمل آڈٹ کروا کر قومی دولت لوٹنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کیا جائے ۔   
تازہ ترین