وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ رکاوٹوں کے باوجود 10 سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تباہ معیشت کو بہتری اور ملک کوترقی کی راہ پر ڈالا، سی پیک کی بدولت 10 سال میں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی اور اسٹاک ایکسچینج 53000 پوائنٹس کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا لیکن سیاسی افراتفری کے وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کا رجحان برقرار نہ رہ سکا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں بار بار معاشی ترقی کا پہیہ جام کرنے کی کوششوں کی گئی لیکن رکاوٹوں کے باوجود 10 سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں سے ترقی کے دروازے کھلیں گے جب کہ عمران خان یہ بھی نہیں جانتے کہ قرضے ترقیاتی منصوبوں پرلگانے سے نقصان نہیں ہوتا، عمران خان اپنے سیاسی مستقبل سے مایوس ہوکرمعیشت سے متعلق مایوسی پھیلارہے ہیں۔