کراچی(اسٹاف رپورٹر) دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ترین میچ ہفتے کو کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے مجموعی طور پر 171 میچوں میں پاکستان نے 82 اور بھارت نے 53 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈھاکامیں ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان ٹیم کو ملائیشیا کے ہاتھوں تین دو سے شکست ہوئی جبکہ کوریا کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ فرحت خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف اہم میچ میں کامیابی کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ اس مر حلے میں ہفتے کو دوسرا میچ جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔