نارووال‘اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات میں (ن) لیگ، تحریک انصاف کے امیدواروں کی کی ضمانتیں ضبط کروا د ے گی ،صرف میں نہیں پاکستان کے تمام 20کروڑ عوام ارسطو ہیں، وہ سب جانتے ہیں کہ سازشیں کون کر رہا ہے۔وہ ہفتہ کو نارووال میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سب جانتے ہیں کہ اس وقت ملک میں سازشیں کون کر رہا ہے، 2018کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی ضمانت ضبط کروائیں گے۔ دریں اثناءوزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دنیا کو باہمی ٹکرائوکے بجائے معاشی و اقتصادی تعاون کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان میں سوویت یونین کی شکست نے یورپ کا نقشہ بدل ڈالا ہے جبکہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے ‘فورسز اور عوام کی قربانیوں سے پاکستان کے قبائلی علاقے دہشتگردوں سے 100فیصد پاک ہو گئے ہیں‘پاکستان افغانستان میں امن قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ‘خطے کے ممالک ملکر افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے کام کریں۔احسن اقبال نے جرمنی کے صحافیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔دوسری جانب جرمن سفیر نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں میں شراکت کی خواہش کا اظہار کیا۔