پشاور(جنرل رپورٹر)چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن حاجی زرمست خان نے کہا ہےکہ گلگت بلتستان کوقومی اسمبلی اورسینٹ میں نمائندگی دیئے بغیر ٹیکس کانفاذ خلاف قانون ہے جس کو ہرگزقبول نہیں کیاجائیگا ،جن قراردادوں کے تحت خطے کے عوام کو70سال سے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے ان ہی قراردادوں کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام کو سبسڈی دینااورٹیکس فری زون قرار دینا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے‘ جب تک علاقے کوآئین پاکستان میں شامل کرنے ،سینٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی کیساتھ این ایف سی ایوارڈمیں حصہ نہیں دیاجاتا تب تک کوئی ٹیکس قبول نہیں کرینگے،اپنے بیان میں حاجی زرمست نےکہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہے اوریہاں کے عوام نے ہر موقع پر وطن کی خدمت کی ‘ لائنس نائیک لالک جان اسی مٹی کا شہید ہے گلگت بلتستان کے لوگوں کو آج تک معیاری یونیورسٹی‘ ہسپتال اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کی گئیں،اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی کمی کیوجہ سے یہاں کے طلبہ ملک کے دیگر حصوں میں جا کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ حاجی زرمست خان نے واضح کیا کہ ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ وفاقی حکومت نے فوری طور پر واپس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ ملک کے تمام صوبوں تک بڑھایاجائیگا۔