• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Inzimam Was Stopped From Buying T 10 League Franchise

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹین لیگ میں کوئی فرنچائز نہیں خرید سکتے البتہ ٹیم کے مینٹور بن سکتے ہیں۔

انضمام الحق نے جمعرات کی شب جنگ کو بتایا کہ میرا ٹی ٹین لیگ کی تمام چھ فرنچائز سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی میں نے کوئی ٹیم خریدی ہے۔ البتہ میرے بھائی انتظار الحق کے ایک ٹیم میں شیئر ہیں۔ بورڈ نے مجھے یہی کہا کہ میں میں ایسا کوئی کام نہیں کرسکتا جو بورڈ کی پالیسیوں سے متصادم ہو۔ البتہ اگر میں چاہوں تو کسی ٹیم کے ساتھ وہ کام کرسکتا ہوں جو بورڈ کی پالیسیوں سے متصادم نہ ہو۔ میڈیا یہ دعویٰ غلط کررہا ہے کہ میں نے کوئی فرنچائز خرید لی ہے۔

پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ میں کنسلٹنٹ ہیں۔ وہ ہمارے لئے اپنے باقی کاروبار روک نہیں سکتے۔ اگر کنسلٹنٹ بن کر انضمام چاہیں تو کہیں اور سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ ٹی ٹین ٹورنامنٹ میں امارات کرکٹ بورڈ کی دلچسپی بہت ہے۔ ہم نے امارات کرکٹ بورڈ سے کہا کہ کوئی ایسا منصوبہ نہ لایا جائے جس میں ہمارا نقصان ہو۔ یہ ٹورنامنٹ دسمبر میں ہوگا۔ پاکستانی فرنچائز بھی اس لیگ کو کرانے کو تیار ہیں، کچھ نے ٹیمیں بھی خریدی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کئی کھلاڑیوں کو اس نئی لیگ کے لئے ریلیز کردے گا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ کو اس نے نہ منظور کیا ہے اور نہ ہی اس ٹورنامنٹ کو ڈس اپروو کرکٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ خالصتاً امارات بورڈ کا منصوبہ ہے چوںکہ پاکستان اپنی انٹر نیشنل ہوم کرکٹ متحدہ امارات میں کھیلتا ہے اس لئے پی سی بی اس لیگ کی مخالفت نہیں کرسکتا۔

تازہ ترین