• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Welcome To The Sri Lankan Guests Nighttime

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آمد سے قبل کرکٹ کے رنگ بکھر گئے، شہر سری لنکن مہمانوں کے بارات جیسے استقبال کیلئے تیار ہے۔

پاکستان اور سری لنکاکا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کل لاہور میں ہونے جارہا ہے،شہر بھر میں خاص کر قذافی اسٹیڈیم اور اطراف بھی سیکیورٹی ریڈ الرٹ ہے اور شائقین کرکٹ اس تاریخی اہمیت کے حامل میچ کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔

لاہور بڑے موقع کے لئےعروسی روپ میں ڈھل گیا ہے۔ شہر کی مرکزی سڑک مال روڈ کو رنگ برنگی قمقموں اور کھلاڑیوں کے پوسٹرز سے سجا دیا گیا ہے۔قذافی اسٹیڈیم کے باہر سنہالی زبان میں خیر مقدمی پوسٹر لگائےہیں۔

ٹیمیں مال روڈ پر واقع فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہریں گی۔ سڑک کو سرچ لائٹس لگا کر روشن کردیا گیا۔ رات میں دن کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے میچ کیلئے زبردست سپورٹ پر شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا ہے اور وی آئی پیز سے کہا ہے کہ وہ پاس کے لئے زحمت نہ کریں بلکہ ٹکٹ خرید کر گرائونڈ میں آئیں۔

سری لنکاکے سکیورٹی وفد نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا، انہیں پی سی بی اور سیکیورٹی حکام نے انہیں بتایا کہ مہمان ٹیم کو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی دی جائے گی۔

وفد کو بلٹ پروف بسیں قذافی اسٹیڈیم کے صدر دروازے سمیت پلان کیا گیا سکیورٹی پروٹوکول دکھایا گیا۔

وفد کی سربراہی ڈی سلوا ڈوجی کر رہے ہیں، سکیورٹی اینڈ ویجیلنس شعبہ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم وفد کے ارکان کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے رہے۔

آ میچ سے قبل قذافی اسٹیڈیم کے اطراف شادی ہالز اور دکانیں بند کرا دی گئی ہیں اور نشتر اسپورٹس کمپلیکس کو بھی جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور اندر سرچنگ کا عمل جاری ہے، فیروز پور روڈ، لبرٹی روڈ اور اسٹیڈیم کے قریب آنے والے راستوں کو بند کردیا گیا ہے جو میچ کی صبح کھولے جائیں گے۔

شائقین کے لئے جو شٹل بسیں چلائی جائیں گی انہیں بھی سیکیورٹی حصار میں رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لبرٹی چوک میں حملے کے بعد سری لنکن ٹیم کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

قذافی اسٹیڈیم کی مین پچ پر میچ کھیلا جائے گا۔پچ کی تیاری کے علاوہ گرائونڈ میں صفائی اور تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔ 

تازہ ترین