اسلام آباد ( محمد صالح ظافر) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیر کو یہاں جن خیالات کا اظہار کیا ہے اس میں انہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تائید بھی حاصل ہے ۔ اس سلسلے میں اشارہ اس پیغام سے ملتا ہے جو سابق وفاقی وزیر داخلہ کے محمد اسلم نامی ترجمان کی طرف سے جاری کیا گیا تاہم یہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو وزیراعظم عباسی کے سرکاری میڈیا اہلکار کی وساطت سے ٹیکسٹ پیغام کی شکل میں موصول ہوا۔ اس سلسلے میں جب متذکرہ اہلکار سے رابطہ کیا گیا تو انکی طرف سے نصف شب تک کوئی جواب نہیں ملا۔ یہ امر قابل تذکرہ ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اتوار کو نجی مصروفیات کے سلسلے میں لندن چلے گئے تھے اور پیر کو ہی وطن واپس روانہ ہوگئے تھے ۔ چوہدری نثار علی خان نے حکمران پاکستان مسلم لیگ نواز کے متعدد اقدامات بالخصوص سبکدوش وزیراعظم نواز شریف اور انکے جانشین شاہد خاقان عباسی پر بھی تنقید کی تھی اور ان اقدامات سے اختلاف کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عباسی کے بارے میں کہا کہ انہیں ٹیکنو کریٹس کی حکومت کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ چوہدری نثار علی خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے سرکاری انتظام کے تحت چلنے والے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی تھی جسے وہ اپنے نجی دفتر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔