اکراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لئے ٹرائلز نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے منتخب کھلاڑیوں کے نام پی ایچ ایف کو بھیج دئیے ہیں،جس کے بعد فیڈریشن پریس ریلیز سے میڈیا کو ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام کو جاری کرے گا، ٹور نامنٹ 8سے12نومبر تک میلبورن میں کھیلا جائے گا، جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ٹیم میں تین سے چار نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ایشیا کپ میں حصہ لینے والی ٹیم سے بھی چند کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا ہے، قومی ٹیم اتوار کی شب دس بجے کراچی سے امارات ائیر لائن سے براستہ دبئی میلبورن روانہ ہوگی،پی ایچ ایف کے صدر بریگڈئیر (ر) خالد کھوکھر اور سکریٹری شہباز احمد ہفتے کو کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، قومی ہاکی ٹیم 8 نومبر کو آ سٹریلیا، 9 نومبر کو جاپان اور11 نومبر کو نیوزی لینڈ سے میچ کھیلے گی۔ ایونٹ کا فائنل 12نومبر کو کھیلا جائے گا، ٹور نامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔