کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے 10کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دیتے ہوئے سیکریٹری خزانہ کو رقم 10 دن میں جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہاکی کے صدر محمد خالد سجاد کھوکھر کی سربراہی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے وفد سے ملاقات دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہمیں آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کروں گا ، آپ صوبے میں کلبز کو فعال بنائیں اور شہر میں بین الاقوامی ہاکی شروع کی جائے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیر (ر)خالد سجاد نے کہا کہ پی ایچ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور ہاکی اسٹیڈیم کو خطرناک عمارت قرار دیا گیا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری خزانہ حسن نقوی کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر 3.5 ملین روپے جاری کیے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری خزانہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اعلان کردہ رقم کو سالانہ بجٹ میں شامل کریں تاکہ ہر سال ہاکی فیڈریشن کو رقم مل سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 10 جنوری 2018 کو کراچی میں بین الاقوامی ہاکی تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی میچز میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہاکی فیڈریشن کراچی اور میرپرخاص میں قومی میچ بھی منعقد کرے گی، اسی طرح کے ایونٹ آئندہ دو ماہ میں انٹرمیڈیٹ طلباء کے لئے بھی منعقد ہونگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرکٹ کی طرح، ہاکی کو بھی کمرشنل بنانے کی ضرورت ہے۔