لندن (نیوز ڈیسک) ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن میں خوبصورت بلند و بالا پہاڑوں اور سر سبز سینریز پر سے مزین گلگت بلتستان پویلین سیاحوں کی نگاہوں کا مرکز بن گیا اور بڑی تعداد میں سیاحوں نے گلگت بلتستان کے پویلین پر آکر علاقے کے قدرتی حسن پر مشتمل تصاویر دیکھیں اور اس علاقے کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے، قبل ازیں گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن نے مغربی دنیا کے سیاحوں کو گلگت بلتستان میں سیاحوں کیلئے موجود کشش سے آگاہ کرنے کیلئے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کے ہمراہ ایکسل لندن میں گلگت بلتستان کے پویلین کا افتتاح کیا، اس پویلین میں گلگت بلتستان کے ساتھ ہی خیبر پختونخوا میں سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، اس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں سیاحت سے متعلق مختلف کمپنیاں سیاحوں کیلئے اپنے پرکشش پیکیجز بھی متعارف کرا رہی ہیں، ان پیکیجز میں کوہ پیمائی، ٹریکنگ، جیپ سفاریز، رافٹنگ، مائونٹین بائیکنگ، ڈے ہائیکس اور ہیلی سفاریز سے متعلق پیکیجز شامل ہیں، اس کے علاوہ ثقافتی سیاحت، روحانی سیاحت کے حوالے سے پیکیجز موجود ہیں، یہ نمائش 8نومبر تک جاری رہے گی۔ ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن کو ٹریول انڈسٹری کیلئے ایک بڑا عالمی ایونٹ تصور کیا جاتا ہے اس دوران نمائش دیکھنے آنے والوں کے ساتھ کم و بیش 2.8بلین پونڈ مالیت کے تجارتی معاہدے معاہدے طے پاتے ہیں۔ اس تین روزہ نمائش میں کم و بیش 5 ہزار مقامات کی ٹریول انڈسٹری، ٹیکنالوجی اور نجی کمپنیوں اور51 ہزار ٹریول پروفیشنلز، صحافیوں، ڈیجٹل ماہرین، طلبہ اور وزرائے سیاحت کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔