مانچسٹر( تنویر کھٹانہ/ پ ر) جہلم کی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے اور ان کے مسائل کے حل لیےتشکیل کردہ جہلم فورم کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ مانچسٹر کے پاکستانی کمیونٹی سنٹر میں جہلم فورم کے اجلاس میں گریٹر مانچسٹر کے علاوہ برطانیہ بھر سے جہلم سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ جہلم فورم کے پہلے باضابطہ اجلاس میں فورم کے آئین اغراض و مقاصد، برطانیہ میں مختلف شہروں میں تنظیم سازی، مرکزی شوری اور دیگر ممالک میں تنظیم سازی کے حوالے سے کمیونٹی کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر فورم کے آئین پر ممبران نے دستخط بھی کیے۔جہلم فورم گریٹر مانچسٹر کے عہدیداروں کے انتخابات کے لیے ہارون کھٹانہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تشکیل دیا گیا جس کے دیگر ممبران میں چوہدری عبدالرفیق اور مقدسہ بانو شامل تھیں۔ خواتین ونگ اور گریٹر مانچسٹر چیپٹر کی مختلف نشستوں کیلئے انتخابات ہوئے بعد ازاں نو منتخب عہدیداروں نے پیٹرن چیف جہلم فورم شیڈو منسٹر برائے امیگریشن افضل خان سے حلف لیا۔ افضل خان کا کہنا تھا کہ جہلم فورم کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے تمام کمیونٹی کے مسائل ایک فورم پر اجاگر ہوں گے چونکہ جہلم کمیونٹی کی شخصیات برطانوی سیاست میں متحرک ہیں تو اپنے تجربات کی روشنی میں کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جہلم فورم کے بانی ممبر اور آرگنائزر الیاس گوندل نے جہلم فورم کے آئندہ لائحہ عمل کے تعین پر ممبران سے تجاویز مانگیں تاکہ فورم کو مزید فعال بنایا جا سکے۔ کرنل وسیم نے آئین اور ضلع جہلم کے مختلف مقامات اور جہلم فورم کے تعارف پر مبنی ایک رپورٹ بھی حاضرین کے لیے پیش کی جسے بے حد سراہا گیا۔ گریٹر مانچسٹر برانچ کے نو منتخب اراکین میں چوہدری انور یعقوب صدر، فرخ صدیق سنئیر نائب صدر، تنویر کھٹانہ جنرل سیکرٹری، رضوان مظفر گجر جوائنٹ سیکرٹری، چوھدری فخر علی انفارمیشن سیکرٹری،محی الدین چیمہ فنانس سیکرٹری، ایگزیکٹو ممبران میں محمد جمیل بھٹی، واجد کیانی، سہیل ظفر، تاشفین بشارت، ضمیر احمد، ظفر بٹ، عثمان عارف، چوھدری محمد شہزاد،حماد، شیراز احمد، امجد علی، چوھدری خالد، محمد بشیر شامل ہیں۔ جہلم فورم کے میڈیا سیل کے لیے نوید چوہان اور حسین کا انتخاب بھی کیا گیا۔ خواتین ونگ کی صدر شاہدہ بٹ، نائب صدر مریم لطیف، جنرل سیکرٹری فرح الیاس اور انفارمیشن سیکرٹری کے طور پر شبنم کو منتخب کیا گیا۔ جہلم فورم کی تعارفی تقریب کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف میزبان محبوب خان نے انجام دئیے۔ برنلے اور پینڈل چیپٹر کے ذمہ داران بھی اس موقع پر تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ جہلم فورم ایک غیر سیاسی اور غیر مذہبی فورم ہے اور اس کو نیک نیتی اور صرف خدمت اور مسائل کے حل کیلئے کوششیں کرنے کے جذبے کے تحت چلایا جائے گا۔