وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کو خارج ازامکان قرار دے دیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ جو اپنے صوبے میں کچھ نہیں کرسکے وہ قبل از وقت انتخابات کا شوشا چھوڑ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشی سے جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دشنام طرازیاں کرنے والوں کی کارکردگی اپنے صوبے میں سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔