دبئی(سبط عارف)دبئی ایئر شو 2017کا آغاز اتوار(آج)ہورہا ہے۔اس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ایئر شو 5روز تک جاری رہے گاجس میں 72500افراد شریک ہوں گے ، جب کہ فضائی صنعت کے 1200نمائندگان بھی ایئر شو کا حصہ ہوں گے۔پاکستانی پائلٹ ہمیشہ ہی دبئی ایئر شو میں ہوا بازی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اور اس مرتبہ بھی پاکستان ایئر فورس اس میں جے ایف 17تھنڈر اور سپر مشاق طیاروں کے ساتھ شرکت کریں گے ۔دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر کموڈور محمد اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس کے متحدہ عرب امارات سے قریبی تعلقات ہیں اور ہم متحدہ عرب امارات کے پائلٹوں کی تربیت کرتے رہے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دبئی ایئر شو دنیا کے بڑے ایئر شوز میں سے ایک ہے اور ہمیں اس میں شرکت کرنے پر فخر ہے۔اس ایئر شو میں پہلی مرتبہ تائی T129لڑاکا طیارہ بھی اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، جب کہ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں فوجی طیارے جس میں امریکی ساختہ ایف16، متحدہ عرب امارات کا معراج2000اور طقنیہAN132بھی شامل ہیں۔ایئر شو میں پاکستان کے علاوہ چین ، روس اور متحدہ عرب امارات کی فضائی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔