• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلطنت روما کا زوال، اٹلی فٹ بال ورلڈ کپ نہ پہنچ سکا، ملک میں سکتہ

سان میرینو ( جنگ نیوز ) ماضی میں فٹبال پر عالمی حکمرانی کرنے والی اطالوی ٹیم اپنے شاندار ماضی کی سلطنت روما کی طرح زوال کا شکار ہوگئی۔ چار بار کی عالمی چیمپئن ٹیم اٹلی 60 سال بعد پہلی مرتبہ روس میں منعقدہ فٹ بال ورلڈ کپ 2018 سے باہر ہوگئی۔ غیرمتوقع شکست کے بعد پورے ملک میں سکتے کا عالم رہا۔ اٹلی کی ٹیم یورپ سے پہلے راؤنڈ میں ڈائریکٹ کوالیفائی نہیں کر سکی تھی، جس کے بعد اسے سوئیڈن سے دو پلے آف کھیلنے پڑے۔ پہلے میچ میں سوئیڈن کی نسبتاً کمزور ٹیم نے اٹلی کو اسی کی سرزمین پر ایک گول سے ہرا دیا، جس کے بعد اٹلی کی ٹیم کو امید تھی کہ شاید روم میں وہ سوئیڈن کو ایک سے زائد گول سے ہرا کر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلے گی۔ لیکن سوئیڈن کی فٹ بال ٹیم جو صرف ایک مرتبہ 1958میں اپنی سرزمین پر کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میچ تک رسائی حاصل کرسکی تھی، نے چار مرتبہ ورلڈ چیمپئن رہنے والی ٹیم اٹلی کو فائنلز کی دوڑ سے باہر کردیا۔ واضح رہے کہ اٹلی کی ٹیم 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں ورلڈ چیمپئن رہ چکی ہے۔ میلان کے سان سیرو اسٹیڈیم میں اٹلی اور سوئیڈن کا برابر ہوجانے والا میچ دیکھ کر باہر نکلنے والے شائقین فٹبال غم اور سکتے کی سی کیفیت میں تھے۔ حال ہی میں گریجویشن کرنےوالی ایک طالبہ نے کہا یہ بہت افسوسناک ہے کیونکہ ورلڈ کپ دیکھنا ایک ایسی چیز تھی جو اٹلی کے باسیوں کو ایک دوسرے کے قریب لے کر آتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا ہے یہ میرے والد کے لیے بھی بدترین ہے، وہ 54برس کے ہیں اور انہوں نے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اٹلی کے بغیر ورلڈ کپ اچھا ہو ہی نہیں سکتا۔ دریں اثنا کروشیا اور سوئٹزر لینڈ نے بھی میگا ایونٹ میں نشست پکی کرلی ہے۔
تازہ ترین